مسئلہ نمبر 111

شوال کے 6روزوں کی کیا شرعی حیثیت اور کیا فضیلت ہے ؟ اور کیااس فضیلت کو حاصل کرنے کے لئے مسلسل روزے رکھنا ضروری ہے یا علیحدہ علیحدہ بھی رکھ سکتے ہیں؟
الجواب بتوفیق اللہ الوھاب بعدِ عیدالفطر،شوال کے چھ روزے رکھنا ، مستحب ہے۔
نبی کریم ﷺ فرماتے ہیں کہ
مَنْ صَامَ رَمَضَانَ وَأَتْبَعَہُ سِتًّا مِنْ شَوَّالٍ خَرَجَ مِنْ ذُنُوبِہِ کَیَوْمِ وَلَدَتْہُ أُمُّہُ یعنی جس نے رمضان المبارک کے روزے رکھے ،اور اس کے بعدشوال کے 6روزے رکھے تو وہ گناہوں سے ایسے نکل گیا جیسے آج ہی ماں کے پیٹ سے پیدا ہوا ہے۔
(مجمع الزوائد۔جزء3صفحہ 184۔حدیث5102) مزید ایک مقام پر سرکارِ دوعالم ﷺ فرماتے ہیں کہ
مَنْ صَامَ رَمَضَانَ، وَأَتْبَعَہُ بِسِتٍّ مِنْ شَوَّالٍ فَکَأَنَّمَا صَامَ الدَّہْرَ کُلَّہُ یعنی جس نے رمضان المبارک کے روزے رکھے اور اس کے بعد شوال کے چھ روزے رکھے، گویا اس نے سارا سال روزے رکھے۔ (مجمع الزوائد۔جزء3صفحہ 183۔حدیث5099) احادیثِ مذکورہ سے معلوم ہواکہ شوال کے 6روزے رکھنا اجرو ثواب، حسن عاقبت، درجات کی بلندی اور اللہ تعالیٰ کے قرب کے حصول کے لیے یہ ایک نہایت مؤثر ذریعہ ہیں۔ لہٰذا ہر مسلمان کو چاہئے کہ شوال کے ان مستحب روزوں کی عادت اپنائے اور اپنی زندگی میں ان کا اہتمام کرے۔
    نیز ان روزوں کی فضیلت کے حوالے سے علماء امت کے مختلف اقوال ہیں
بعض کے نزدیک یہ فضیلت ہر مسلمان کے لیے ہے۔جبکہ دیگر علماء فرماتے ہیں کہ یہ فضیلت خاص طور پر ان لوگوں کے لیے ہے جنہوں نے رمضان المبارک کے روزے رکھے ہوں، کیونکہ حدیث مذکور میں صراحت کے ساتھ ذکر آیا ہے کہ
"جس نے رمضان کے روزے رکھے، اس کے بعد شوال کے چھ روزے رکھے، یہ ساری زندگی روزہ رکھنے کے برابر ہیں۔" چنانچہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پہلے رمضان کے فرض روزے رکھے جائیں، اس کے بعد شوال کے چھ روزے رکھے جائیں۔
تاہم اگر کسی شخص نے ،کسی سبب سے رمضان کے روزے نہ رکھے اور اب وہ شوال کے روزوں کی فضیلت حاصل کرنے کا متمنی بھی ہو، تو اسے چاہئے کہ پہلے رمضان کے روزوں کی قضا ء کرے، کیونکہ رمضان المبارک کے روزے فرض جبکہ شوال کے روزے مستحب ہے۔ چنانچہ پہلے فرض روزوں کی قضاء کرے۔اگر وقت میسر ہو تو شوال کے روزے رکھے ۔
ہاں اگر ہر ممکنہ کوشش کے باوجود،کسی کے حق میں یہ(شوال کے روزے رکھنا) ممکن نہ ہو،مثلا! کسی نے پورے رمضان المبارک کے روزے نہیں رکھے اب یہ شوال کے روزوں کی فضیلت حاصل کرنا چاہتاہے،تو یقینی بات ہے کہ قضاء روزوں کی وجہ سے شوال کے روزے رکھنا ممکن ہی نہیں ،چنانچہفرض روزوں کی قضاء کرے اور اس مقام پر اللہ تعالیٰ کی رحمت سے یہ امید رکھی جا سکتی ہے کہ وہ اسے شوال کے چھ روزے کی فضیلت بھی عطا فرمادے۔
    اسی طرح یہ بات بھی خوب یاد رہے کہ حدیث میں ان چھ روزوں کے لیے کوئی شرط یا قید نہیں دی گئی کہ ان روزوں کو لگاتار رکھاجائے یا علیحدہ علیحدہ۔چنانچہ مسلمان اپنی سہولت اور حالات کے مطابق یہ روزے رکھ سکتے ہیں۔یعنی عید کے فوراً بعدبھی رکھ سکتے ہیں، شوال کے درمیان یا آخری دنوں میں بھی رکھ سکتے ہیں، پے درپے بھی رکھ سکتے ہیں اور علیحدہ علیحدہ بھی رکھے جاسکتے ہیں۔
خلاصہِ کلام یہ ہے کہ شوال کے 6 روزے رکھنا ایک مستحب عمل ہیں جو انسان کے روحانی درجات بڑھاتے ہیں، گناہوں کو صاف کرتے ہیں، اور اجرو ثواب میں ساری زندگی روزہ رکھنے کے برابر ہیں۔ لہذا اس کی عادت قائم کرنی چاہئے ۔
اللہ تعالیٰ ہم سب کو اس عمل کی برکت عطا فرمائے اور ہمارے درجات بلند فرمائے۔ آمین۔

کتبہمفتی محمد عابد اقبال
واللہ ورسولہ اعلم بالصواب

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *