مسئلہ نمبر 115

مجھے نکاح کی شرعی حیثیت کے بارے میں جاننا ہے کہ یہ سنت ہے یا واجب؟
الجواب بتوفیق اللہ الوھابفی نفسہ نکاح، سنت موئکدہ ہے،البتہ مختلف افرد کے احوال و طبعی کیفیات میں تبدیلی کے سبب ،کسی کے حق میں نکاح کرنافرض ،تو کبھی واجب،کبھی حرام، تو کبھی مکروہ تحریمی بھی ہوسکتا ہے۔اس مسئلہ کی تفصیل یہ ہے کہ
حالتِ اعتدال میں نکاح ،سنتِ موکدہ ہے اور حالتِ اعتدال سے مراد یہ ہے کہ انسان پر نہ توشہوت کا بہت زیادہ غلبہ ہو ،نہ ہی وہ عنین (یعنی نامرد)ہو نیز مَہر و نفقہ پر قدرت بھی ہو لہذا ایسے افراد کا نکاح کرنا سُنّتِ مؤکدہ ہے ۔
ہاں اگر شہوت کا ایسا غلبہ ہو کہ نکاح نہ کرنے کی وجہ سے زنا میں مبتلاء ہونے کا اندیشہ ہوجائے،تو اب نکاح کرنا واجب ہے۔جبکہ مہر ونفقہ پر قدرت بھی رکھتا ہو،نیز اگر اجنبی عورت کی طرف نگاہ اُٹھنے سے خود کو روک نہیں سکتا یا معاذ اللہ ہاتھ سے کام لینا پڑے (یعنی مشت زنی) تواب بھی نکاح واجب ہے۔
اسی طرح اگر شہوت کا ایسا غلبہ ہو کہ نکاح نہ کرنے کی وجہ سے زنا میں مبتلاء ہونے کا یقین ہوجائے،تو اب نکاح کرنا فرض ہوگا۔
اور اگر کسی کو یہ اندیشہ ہو اگر وہ کہ نکاح کرے گا تو نان نفقہ نہ دے پائے گا،یا دیگر بنیادی ضروریات کا خیال نہ رکھ پائے گا تو اب نکاح کرنا مکروہ ہے ۔ہاں اگران امور کے بارے میں اسے یقین حاصل ہو، تو اب نکاح کرنا حرام ہوگا،۔
(ملخص از بہارِ شریعت جلد1۔صفحہ543) ۔

کتبہمفتی محمد عابد اقبال
واللہ ورسولہ اعلم بالصواب

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *