میں پچھلے دنوں بیمارتھی،تواس دوران میری پھپھو کا مجھے فون آیا ، تو میں نے اپنی صحتیابی کے لئے ان سے دعا کرنے کا کہا،تو انہوں نے یہ جملہ کہا کہ (میں کیا کروں اللہ اپنے کانوں میں روئی رکھ کر بیٹھا ہے) العیاذباللہ، کیا یہ جملہ اللہ تعالیٰ کی شان میں گستاخی کے زمرے میں آئے گا؟؟ اس جملے کے بارے میں کیا شرعی حکم ہے ؟...(شائستہ ناز )
جی ہاں، بالیقین یہ جملہ اللہ تعالیٰ کی شان میں گستاخی ، توہین وتضحیک پرمشتمل ہونے کے سبب کفرصریح ہے،لہذا قائلہ (کہنے والی) پر حکم کفر متحقق ہوا ،ان پر توبہ وتجدید ایمان اور تجدید نکاح فی الفور لازم ہے، کیونکہ اللہ تعالی کے ساتھ استہزاء کرنا..یا...اس کی تو ہین وتحقیر پر مشتمل کسی الفاظ کا استعمال ،بلاشبہ کفر اور دین اسلام سے خروج کا باعث ہے، کیونکہ تعظیم باری تعالیٰ ،دین اسلام کی اصل ہے اور اللہ تعالیٰ کی توہین وتحقیر پر مشتمل جملوں کا استعمال اس اصل کے منافی ہے
عالمگیری میں ہے کہ
یکفر إذا وصف اللہ تعالی بما لا یلیق بہ، أو سخر باسم من أسمائہ، أو بأمر من أوامرہ، أو نکر وعدہ ووعیدہ، أو جعل لہ شریکا، أو ولدا، أو زوجۃ، أو نسبہ إلی الجہل، أو العجز، أو النقص ویکفر بقولہ یجوز أن یفعل اللہ تعالی فعلا لا حکمۃ فیہ ویکفر إن اعتقد أن اللہ تعالی یرضی بالکفر
۔یعنی جب کوئی شخص اللہ تعالیٰ کی ایسی صفت بیان کردے ،کہ جو اس کی شان کے لائق نہ ہو... یا... اس کے ناموں میں سے کسی نام کا مذاق اڑائے ...یا ...اس کے احکام میں سے کسی حکم کا مذاق اڑائے ...یا... اس کے وعد اور وعید کا انکار کرے... یا...اس کا شریک مانے ...یا ...اس کا بیٹا مانے ...یا ...اس کی بیوی مانے ...یا... اس کی طرف جہل کی نسبت کرے ...یا... عجز و نقص کی نسبت کرے ،تو اس کو کافر قرار دیاجائے گا اور جب وہ کہے،کہ اللہ تعالیٰ کے فعل میں کوئی حکمت نہیںہے،تو اس کو کافر قرار دیا جائے گا اور اگر یہ اعتقاد رکھے کہ اللہ تعالیٰ کفر سے راضی ہوتا ہے،تب بھی اس کو کافر قرار دیا جائے گا ۔
(جز2۔صفحہ258۔مکتبۃالشاملۃ)
