مسئلہ نمبر 110

اگر کوئی اپنے والدین کی نافرمانی کرتا ہو ، ان کے ساتھ سختی سے پیش آتا ہو ان کی باتیں نہ مانتاہو نہ ان کی خدمت کرتاہو،توایسے شخص کے بارے میں شریعت کا کیا حکم ہے؟ اور اگراس کے والدین کا انتقال ہوجائے ،اورپھر اسے اپنے عمل کا احساس ہو،تو کیسے توبہ کی جائے؟
الجواب بتوفیق اللہ الوھاب مذکورہ شخص بالیقین قابلِ گرفت و گناہگار ہوا اس پر لازم ہے کہ فوراً اپنے ان قبیح اعمال سے سچے دل سے توبہ کرے ،والدین سے حسنِ سلوک سے پیش آئے ، ان کی خدمت و اطاعت کو اختیار کرتے ہوئے اپنے اعمالِ قبیحہ پر خلوصِ دل کے ساتھ معافی طلب کرے،بصورتِ دیگر اس کی دنیا وآخرت بالیقین تباہ و برباد ہے کیونکہ قرآن و حدیث میں والدین کے ساتھ حسنِ سلوک ، جائز امور میں ان کی اطاعت ، اسی طرح ان کے ساتھ نرم انداز سے بات کرنے کی تعلیم و تلقین کی گئی ہے جیسا کہ
قرآن کریم میں ارشاد ہواکہ
وَ قَضٰی رَبُّکَ اَلَّا تَعْبُدُوْۤا اِلَّآ اِیَّاہُ وَ بِالْوَالِدَیْنِ اِحْسَانًا-اِمَّا یَبْلُغَنَّ عِنْدَکَ الْکِبَرَ اَحَدُہُمَآ اَوْ کِلٰہُمَا فَلَا تَقُلْ لَّہُمَآ اُفٍّ وَّ لَا تَنْہَرْہُمَا وَ قُلْ لَّہُمَا قَوْلًا کَرِیْمًا یعنی اور تمہارے رب نے حکم فرمایاہے کہ اس کے سوا کسی کی عبادت نہ کرو اور ماں باپ کے ساتھ اچھا سلوک کرو۔ اگر تیرے سامنے ان میں سے کوئی ایک یا دونوں بڑھاپے کو پہنچ جائیں تو ان سے اُف تک نہ کہنا اور انہیں نہ جھڑکنا اور ان سے خوبصورت ، نرم بات کہنا۔
(سورۃ بنی اسرائیل ۔آیت 23) معلوم ہوا کہ والدین کے ساتھ حسنِ سلوک ،نرم لہجہ اختیار کرنا مطلوبِ شرع ہے یعنی اس طرح بات کی جائے جیسے کوئی خطاکار غلام اپنے سخت مزاج آقا سے بات کرتا ہے تو وہ انتہائی عاجزی کے ساتھ ، ادب کے ساتھ بات کرتا ہے۔
مزید فرمانِ باری تعالیٰ ہے
"وَاخْفِضْ لَہُمَا جَنَاحَ الذُّلِّ مِنَ الرَّحْمَۃِ" یعنی ان کے لیے رحمت کے ساتھ عاجزی اور انکساری کا رویہ اختیار کرو۔ (سورۃ الاسراء۔آیت24) مزید ایک مقام پراللہ تعالیٰ فرماتاہے
وَإِذْ أَخَذْنَا مِیثَاقَ بَنِی إِسْرَائِیلَ لَا تَعْبُدُونَ إِلَّا اللَّہَ وَبِالْوَالِدَیْنِ إِحْسَانًا اوریادکروجب ہم نے ہم نے بنی اسرائیل سے یہ پختہ عہدلیا ِکہ تم اللہ کے سواکسی کی عبادت نہ کرنااوراپنے والدین کے ساتھ حسن سلوک کرنا۔ (سورۃ البقرۃ۔آیت 83) یہ آیتِ مبارکہ والدین کے ساتھ حسنِ سلوک پر دلالت کرتی ہے۔
اسی طرح ایک اور مقام پر اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا
اَنِ اشْکُرْ لِیْ وَ لِوَالِدَیْکَ کہ میرا اور اپنے والدین کا شکرادا کرو۔ (سورۃ لقمٰن ۔آیت14 ) اس آیتِ مبارکہ میں اللہ تعالیٰ نے اپنے شکر کے ساتھ والدین کے شکر کو بھی لازم قرار دیا، جس سے ان کے حق کی عظمت واضح ہوتی ہے۔بلکہ ایک اور مقام پر اللہ تعالیٰ نے یہاں تک تاکیدفرمائی ہے کہ اگروالدین انسان کو شرک جیسے عظیم گناہ پر بھی مجبور کریں، توایسی صورت میں ان کی اطاعت تو نہ کی جائے، لیکن ان کے ساتھ حسنِ معاشرت اور اچھا برتاؤ بدستور قائم رکھا جائے، جیسا کہ
اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے
"وَإِن جَاہَدَاکَ عَلَیٰ أَن تُشْرِکَ بِی مَا لَیْسَ لَکَ بِہِ عِلْمٌ فَلَا تُطِعْہُمَا وَصَاحِبْہُمَا فِی الدُّنْیَا مَعْرُوفًا" یعنی اور اگر وہ دونوں تم پر زور ڈالیں کہ تم میرے ساتھ کسی ایسی چیز کو شریک ٹھہراؤ جس کا تمہیں علم نہیں، تو ان کی بات نہ مانو، لیکن دنیا میں ان کے ساتھ اچھے طریقے سے زندگی بسر کرو۔ (سورۃ لقمان۔آیت15) اسی طرح بیشمار احادیثِ مبارکہ میں بھی والدین کے ساتھ حسنِ سلوک، ان کی اطاعت و خدمت، اور ان کی رضا کو لازم قرار دیا گیا ہے، بلکہ ان کی خوشنودی کو اللہ تعالیٰ کی رضا اور ان کی ناراضی کو اللہ تعالیٰ کی ناراضی کا سبب بیان فرمایا گیا ہے، اور ان کے حقوق کی ادائیگی پر عظیم اجر و ثواب اور کوتاہی پر سخت وعید وارد ہوئی ہے۔جیساکہ
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں
قَالَ رَجُلٌ یَا رَسُولَ اللہِ ؐ أَیُّ النَّاسِ أَحَقُّ مِنِّی بِحُسْنِ الصُّحْبَۃِ؟ قَالَ ، أُمُّکَ ، قَالَ ثُمَّ مَنْ؟ قَالَ ثُمَّ أُمُّکَ قَال ثُمَّ مَنْ؟ قَالَ ثُمَّ أُمُّکَ ، قَالَ: ثُمَّ مَنْ؟ قَالَ ثُمَّ أَبُوکَ۔ یعنی ایک شخص نے نبی ﷺ سے پوچھا"یا رسول اللہ ﷺ کس شخص کے ساتھ حسن سلوک کرنا مجھ پر سب سے زیادہ واجب ہے؟نبی کریم ﷺ نے فرمایا،"تمہاری ماں۔"اس نے پھر پوچھا: "پھر کون؟ نبی ﷺ نے فرمایا: "تمہاری ماں۔پھر پوچھا: "پھر کون؟ نبی ﷺ نے فرمایا۔تمہاری ماں۔پھر پوچھا: "پھر کون؟ نبی ﷺ نے فرمایا،تمہارا والد۔ (مسنداحمد۔جزء14۔صفحہ86۔حدیث8344) ایک روایت میں نبی کریم ﷺ فرماتے ہیں
الکَبَائِرُ: الإِشْرَاکُ بِاللَّہِ، وَعُقُوقُ الوَالِدَیْنِ یعنی اللہ کے ساتھ کسی کو شریک ٹھہرانا ، والدین کی نافرمانی کرنا گناہ کبیرہ میں سے ہے (صحیح بخاری۔جزء 8۔صفحہ137۔حدیث6675) قرآن و حدیث کی تعلیمات سے ثابت ہوا کہ والدین کے ساتھ حسنِ سلوک،جائز امور میں اطاعت و فرمانبرداری، لازم وضروری اور مطلوبِ شرع ہے ۔ ہے چنانچہ اگر کوئی بدبخت اپنے والدین کی نافرمانی میں زندگی بسر کرتا ہو ، تو اسے اپنے انجام سے غافل نہیں رہنا چاہئے کیونکہ
رسول اللہﷺ نے فرمایا
کُلُّ الذُّنُوبِ یَغْفِرُ اللَّہُ تَعَالَی مِنْہَا یَوْمَ الْقِیَامَۃِ مَا شَاء َ، إِلَّا عُقُوقَ الْوَالِدَیْنِ، یَجْعَلُہُ اللَّہُ لِصَاحِبِہِ فِی الْحَیَاۃِ قَبْلَ الْمَمَاتِ تمام گناہ اللہ تعالیٰ قیامت کے دن جسے چاہے معاف فرما دے گا، مگر والدین کی نافرمانی کو نہیں۔ اللہ تعالیٰ اسے اپنے صاحب کے لیے موت سے پہلے اس کی زندگی میں ہی نتائج دکھا دے گا۔ (المستدرک علی الصحیحین للحاکم ۔جزئ4۔صفحہ172۔حدیث7263) لہذا شخص مذکور پر لازم ہے کہ وہ اپنے اعمالِ شنیعہ سے تائب ہو،والدین سے معافی کا طلبگار ہو، ان کی خدمت اور (جائز امور میں ان کی ) اطاعت و فرمانبرادری میں اپنی زندگی گزارے۔
ہاں اگر والدین یا ان میں کوئی ایک انتقال کرچکے ہوں تو اب ان کے لئے خوب ایصالِ ثواب کا اہتمام کرتا رہے ان کی قبور پر حاضر ہو کر دعائے مغفرت کرے اور ایصالِ ثواب کا نذرانہ پیش کرے ان شاء اللہ ایصالِ ثواب کے تحفے ملنے پر والدین کی ارواح، خوشی و اطمینان حاصل کرے گی۔
حضرتِ صدیق اکبر رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں کہ
سَمِعْتُ رَسُولَ اللَّہِ صَلَّی اللَّہُ عَلَیْہِ وَآلِہِ وَسَلَّمَ یَقُولُ: مَنْ زَارَ قَبْرَ وَالِدَیْہِ فِی کُلِّ جُمُعَۃٍ أَوْ أَحَدِہِمَا، فَقَرَأَ عِنْدَہُمَا أَوْ عِنْدَہُ یس، غُفِرَ لَہُ بِعَدَدِ کُلِّ آیَۃٍ أَوْ حَرْفٍ یعنی میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے سنا کہ
"جو شخص ہر جمعہ کے دن اپنے والدین یا ان میں سے کسی ایک کی قبر پر جائے، اور وہاں سورۃ یٰسین پڑھے، اللہ تعالیٰ اس کے لیے ہر آیت یا ہر حرف کے مطابق گناہ معاف کر دے گا۔
(ترتیب الامالی الخمیسیۃ للشجری۔جزء2 ۔صفحہ169)

کتبہمفتی محمد عابد اقبال
واللہ ورسولہ اعلم بالصواب

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *