میرا سوال یہ ہے کہ جب بھی نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کا نام مبارکہ آئے تو اس وقت صلی اللہ علیہ وسلم کے بجائے ص،صلعم وغیرہ لکھنا کیسا ؟ یا انگلش میں SAW,SA وغیرہ لکھنا کیساہے ؟ کیونکہ ہم نےایک ویب سائٹ پر پڑھا ہے کہ یہ خلاف اولیٰ ہے، صلی اللہ علیہ وسلم کو شارٹ میں لکھنے کی گنجائش ہو سکتی ہے
، اس ویب سائٹ کا لنک بھی دیا جارہا ہے۔ آپ بتائیں کہ صحیح حکمِ شرع کیا ہے؟
الجواب بتوفیق اللہ الوھاب
نبی رحمت صلی اللہ علیہ وسلم کا نام مبارکہ لکھتے وقت مکمل درود لکھنا لازم ہے ، ص،صلعم یا انگلش میں SAW,SA وغیرہ لکھنا یا اس کی ترغیب دینا بالیقین ناجائز و حرام ہے ۔
صاحبِ بہار شریعت مفتی امجد علی اعظمی صاحب لکھتے ہیں کہ
حضور (صلی ﷲ تعالیٰ علیہ وسلم) سے محبت کی علامت یہ ہے کہ بکثرت ذکر کرے اور درود شریف کی کثرت کرے اور نامِ پاک لکھے تو اُس کے بعد صلی ﷲ تعالیٰ علیہ وسلم لکھے، بعض لوگ براہِ اختصار صلعم یا لکھتے ہیں، یہ محض ناجائز وحرام ہے۔
(بہارِشریعت۔حصہ اول۔صفحہ 77۔المدینہ لائبریری)
مزید اس بارے میں امام اہلسنت مولانا احمد رضا خان علیہ الرحمہ فرماتے ہیں کہ
یہ جہالت آج کل بہت جلد بازوں میں رائج ہے۔ کوئی صلعم لکھتا ہے کوئی عم کوئی ص، اور یہ سب بیہودہ و مکروہ و سخت ناپسند وموجب محرومی شدید ہے اس سے بہت سخت احتراز چاہیئے اگر تحریر میں ہزار جگہ نامِ پاک حضور اقدس صلی ﷲ تعالٰی علیہ وسلم آئے ہر جگہ پورا صلی اﷲ تعالٰی علیہ وسلم لکھا جائے ہرگز ہر گز کہیں صلعم وغیرہ نہ ہو علماء نے اس سے سخت ممانعت فرمائی ہے یہاں تک کہ بعض کتابوں میں تو بہت اشد حکم لکھ دیا ہے۔۔
(فتاویٰ رضویہ جلد 6۔صفحہ 65 المدینہ لائبریری)
۔۔مزید ایک مقام پر ارشاد فرماتے ہیں کہ
درود شریف کی جگہ جو عوام و جہال صلعم یا ع یام یا ص یا صللم لکھا کرتے ہیں،محض مہمل و جہالت ہے،
القلم احدی اللسانین
(قلم دو زبانوں میں سے ایک ہے۔)جیسے زبان سے درود شریف کے عوض یہ مہمل کلمات کہنا درود کو ادا نہ کرے گا یوں ہی ان مہملات کا لکھنا،درود لکھنے کاکام نہ دے گا، ایسی کوتاہ قلمی سخت محرومی ہے۔ میں خوف کرتاہوں کہ کہیں ایسے لوگ
فبدل الذین ظلموا قولاغیرالذی قیل لہم
(تو ظالموں نے بدل ڈالی وُہ بات جو ان سے کہی گئی تھی ۔سورۃ البقرۃ۔آیت59)
میں نہ داخل ہوں ۔نام پاک کے ساتھ ہمیشہ پورا درود لکھا جائے صلی ﷲ تعالٰی علیہ وسلم ۔
(فتاویٰ رضویہ۔جلد 6 صفحہ 62 المدینہ لائبریری)
اس تمام وضاحت سے معلوم ہواکہ جب بھی سرکارِ دوعالم ﷺ کا نام مبارکہ لکھاجائے تو اس وقت مکمل درود پاک ﷺ لکھنا لازم ہے ، لہذا جس کسی نے بھی اس عمل اختصار کو محض خلاف اولیٰ کہا ہے وہ بالیقین صحیح تعلیم شرع سے ناواقف و ناآشنا، اور کمی علم کا شکارہے۔
